شمالی عراق میں ایرانی ڈرون حملے کے نتیجے میں امریکی فوجی اہلکار ہلاک، مشرقِ وسطیٰ کی سلامتی پر سوالات۔
بغداد: (رائیٹ ناؤ نیوز) شمالی عراق میں ایرانی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔ یہ واقعہ 18 جولائی کو اس وقت پیش آیا جب امریکی اہلکار ایرانی ڈرون کے حملے کے بعد باقی ماندہ مواد کو ناکارہ بنانے میں مصروف تھے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق، دھماکے کے دوران ایک امریکی فوجی جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے کے فوراً بعد سرچ آپریشن شروع کیا گیا، جس کے دوران نامعلوم انسانی باقیات بھی برآمد ہوئیں۔
سینٹکام نے حالیہ واقعات پر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ دھماکے کی نوعیت اور دیگر حقائق کو سامنے لایا جا سکے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچھ عرصہ قبل اردن میں بھی ایرانی میزائل حملے میں امریکی فوجیوں کو نقصان اٹھانا پڑا تھا، جس میں دو اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی افواج کی سلامتی اور خطے کی صورتحال پر نئے سوالات اٹھنے لگے ہیں، جو امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔















