راولپنڈی میں تعلیمی بورڈ کے اکاؤنٹ سے رقم نکلوانے کی کوشش ناکام، ملزمہ گرفتار، مقدمہ درج۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤ نیوز) تعلیمی بورڈ کے اکاؤنٹ سے 52 لاکھ 45 ہزار روپے نکلوانے کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ بینک عملے کی مستعدی سے ایک خاتون کو گرفتار کرکے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ قرۃ العین بینک پہنچی اور تعلیمی بورڈ کے نام پر ڈرافٹ بنوانے کی کوشش کی۔ اس کے پاس تعلیمی بورڈ کا لیٹر بھی تھا۔ بینک عملے نے رقم کی غلطی کی نشاندہی کی اور درستگی کا کہا۔
دوسرے لیٹر پر بینک عملے کو شبہ ہوا تو راولپنڈی تعلیمی بورڈ کی برانچ سے تصدیق کی گئی۔ تعلیمی بورڈ نے لیٹر کو جعلی قرار دیا، جس پر پولیس کو فوری اطلاع دی گئی۔
بینک منیجر کی مدعیت میں ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 420، 468 اور 471 شامل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پولیس واقعے کے دیگر پہلوؤں اور ممکنہ سہولت کاروں کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔














