بنگلادیش میں جاری سیلاب سے 54 افراد ہلاک، 11 اضلاع متاثر، لاکھوں افراد امداد کے منتظر۔
ڈھاکہ: (رائیٹ ناؤ نیوز) بنگلادیش میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، ہلاکتوں کی تعداد 54 تک پہنچ گئی ہے۔ چٹاگانگ سمیت گیارہ اضلاع میں صورتحال انتہائی خراب ہے، جہاں لاکھوں افراد امداد کے منتظر ہیں۔
بنگلادیش کی وزارت ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے مطابق سب سے زیادہ 31 ہلاکتیں کاکس بازار میں ہوئیں، جبکہ چٹاگانگ میں 13 اور بندربن میں 6 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ رنگاماٹی میں 3 اور مولوی بازار میں ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔
حکام نے 59 تحصیلوں کو آفت زدہ قرار دیا ہے۔ سیلاب سے 333 یونین کونسلیں متاثر ہوئی ہیں۔ متاثرین کی امداد کے لیے 1100 پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں، جہاں 38 ہزار سے زائد افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔
یہ سیلاب بنگلادیش کے عوام کے لئے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ قدرتی آفات کی اس شدت سے عوام کو بڑی مشکلات کا سامنا ہے، اور فوری امداد کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش میں ہر سال مون سون کے دوران سیلاب آتے ہیں، جو عوامی زندگی کو متاثر کرتے ہیں۔ تاہم، اس سال کا سیلاب اپنی شدت میں ماضی کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ثابت ہوا ہے۔












