لاہور کے شاہی قلعہ میں تاریخی پکچر وال کی بحالی مکمل ہوئی۔ منصوبے پر تقریباً 15 لاکھ امریکی ڈالر لاگت آئی۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز). لاہور کے شاہی قلعہ میں واقع دنیا کی سب سے بڑی تاریخی پکچر وال کی بحالی مکمل ہو چکی ہے۔ یہ منصوبہ تقریباً نو برس تک جاری رہا اور اس میں تاریخی فنون کو محفوظ کرنے کی کوشش کی گئی۔
ماہرین کے مطابق اس منصوبے میں ہر ٹائل، نقش اور رنگ کو تاریخی شواہد کی بنیاد پر بحال کیا گیا۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور آغا خان کلچرل سروس پاکستان کے اشتراک سے یہ کام تکمیل کو پہنچا۔
پکچر وال کی لمبائی تقریباً 500 میٹر اور بلندی 60 سے 70 فٹ ہے۔ دیوار پر موجود نقش و نگار مغل دور کی تہذیب اور معاشرت کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہ بحالی مغل دور کے فن تعمیر و کاشی کاری کے تحفظ کی کوشش ہے۔ تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے بے مثال قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ منصوبے کا آغاز 2015 میں ہوا اور مکمل بحالی پر 15 لاکھ امریکی ڈالر لاگت آئی۔ حکومت پنجاب اور بین الاقوامی ادارے مالی معاونت میں شامل رہے۔















