یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ کی رپورٹ میں 76 فیصد نوجوانوں کے پرامید ہونے کا انکشاف، 53 فیصد کو معاشی مسائل سے پریشانی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 76 فیصد نوجوان مستقبل کے بارے میں پرامید ہیں۔ رپورٹ عالمی یوم آبادی پر جاری کی گئی ہے۔
پاکستان کی کل آبادی تقریباً 25 کروڑ 72 لاکھ ہوچکی ہے، جس میں ایک تہائی افراد کی عمریں 10 سے 24 سال کے درمیان ہیں۔ یہ اعداد و شمار نوجوانوں کی بڑی تعداد کو ظاہر کرتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے فیصلوں اور صلاحیتوں پر منحصر ہے، 53 فیصد نوجوان سکیورٹی اور معاشی عدم مساوات کے باعث پریشان ہیں۔
یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ نے نوجوانوں کو ڈیجیٹل ہنر سکھانے اور اچھی نوکریاں فراہم کرنے پر زور دیا ہے، تاکہ ان کی مشکلات کم کی جا سکیں۔
یاد رہے کہ یہ رپورٹ نوجوانوں کے مسائل اور ان کے حل کی جانب توجہ مبذول کرانے کے لئے جاری کی گئی ہے، جس میں نوجوانوں کے حقوق اور اختیارات پر زور دیا گیا ہے۔















