دہلی سکھ گوردوارہ کمیٹی نے فلم ‘ستلج’ کی عوامی نمائش کا اعلان کیا ہے، جو انسانی حقوق کے کارکن جسونت سنگھ کھالڑا کی زندگی پر مبنی ہے۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناؤ نیوز) دلجیت دوسانجھ کی فلم ‘ستلج’ کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم سے ہٹائے جانے کے بعد دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی نے اس کی عوامی نمائش کا اعلان کیا ہے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ فلم جسونت سنگھ کھالڑا کی زندگی پر مبنی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ہنی تریہن کی ہدایت میں بننے والی فلم کا ابتدائی نام ‘پنجاب 95’ تھا۔ دلجیت دوسانجھ اور ارجن رامپال نے مرکزی کردار ادا کیے۔ فلم زی فائیو پر ریلیز ہوئی، مگر دو دن بعد ہی اس کی اسٹریمنگ روک دی گئی۔
فلم کے معطل ہونے پر دہلی سکھ گوردوارہ کمیٹی نے مختلف مقامات پر عوامی نمائش کا اعلان کیا۔ کمیٹی کے صدر ہرمیت سنگھ کالکا نے کہا کہ فلم انسانی حقوق کے کارکن جسونت سنگھ کھالڑا کی جدوجہد کو اجاگر کرتی ہے۔
ہرمیت سنگھ نے کہا کہ اس کہانی کو عوام سے دور رکھنا درست نہیں۔ سکھ برادری میں اس پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ گوردوارہ کمیٹی کے اراکین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فلم ڈاؤن لوڈ کریں اور اسے عوام تک پہنچائیں۔
یاد رہے کہ جسونت سنگھ کھالڑا نے پنجاب میں ہزاروں افراد کے مبینہ ماورائے عدالت قتل کے شواہد جمع کیے تھے۔ ان کی زندگی معاشرے میں بڑی تبدیلیوں کی مثال ہے۔














