اوپیک پلس نے اگست 2026 سے یومیہ 1 لاکھ 88 ہزار بیرل تیل کی پیداوار بڑھانے کی منظوری دی ہے۔ اس اقدام سے عالمی منڈی میں سپلائی بہتر ہونے کی توقع ہے۔
ریاض: (رائیٹ ناؤنیوز) اوپیک پلس نے اگست 2026 سے تیل کی پیداوار میں مزید اضافے کی منظوری دی ہے۔ تنظیم کے مطابق یومیہ 1 لاکھ 88 ہزار بیرل اضافی تیل پیدا کیا جائے گا۔
تنظیم کے بیان کے مطابق آبنائے ہرمز سے تیل کی برآمدات بحال ہونے کے باعث عالمی منڈی میں سپلائی بہتر ہونے کی توقع ہے۔ جون اور جولائی میں بھی اسی حجم کے اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔
اوپیک پلس کے سات بنیادی رکن ممالک نے اپریل سے جولائی کے دوران 8 لاکھ بیرل یومیہ اضافی پیداوار کے اہداف مقرر کیے تھے۔ تاہم ایران کی جنگ کے باعث بعض ممالک اپنی پیداواری صلاحیت کے مطابق برآمدات نہیں کر سکے۔
یاد رہے کہ اوپیک کے اعداد و شمار کے مطابق مئی میں تنظیم کی مجموعی پیداوار کم ہو کر 3 کروڑ 31 لاکھ 30 ہزار بیرل یومیہ رہ گئی تھی۔ فروری میں یہ پیداوار 4 کروڑ 27 لاکھ 70 ہزار بیرل یومیہ تھی۔
واضح رہے کہ اوپیک پلس تنظیمی سطح پر چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔ متحدہ عرب امارات اتحاد سے علیحدہ ہو چکا ہے جبکہ عراق نے اپنی پیداواری کوٹہ بڑھانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔












