جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں دھرنوں کا نیا شیڈول جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ مظاہرے شام سے رات تک جاری رہیں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں دھرنوں کا نیا شیڈول جاری کر دیا۔ جماعت اسلامی نے شام سے رات تک احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں مظاہرے جاری ہیں۔
غوری ٹاؤن، کراچی کمپنی، جی سیون تھری سمیت کئی علاقوں میں دھرنے ہوں گے۔ احتجاجی دھرنے شام کو شروع ہوں گے اور رات تک جاری رہیں گے۔ جماعت اسلامی کے مطابق حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے عوام کو ساتھ ملایا جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے سخت لائحہ عمل کا اعلان کیا۔ حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت سے دھرنا ختم کرنے پر کوئی بات نہیں ہوگی، صرف لیوی کے خاتمے پر بات ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مافیاز چینی کی درآمد اور برآمد سے پیسہ کما رہے ہیں اور آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ جماعت اسلامی نے 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی بھی دھمکی دی ہے۔
یاد رہے کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرے، ورنہ ملک گیر ہڑتال کے بعد اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہوگا۔














