ایران نے اسرائیلی طیاروں کی پروازوں کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے کر سخت جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
تہران: (رائیٹ ناؤنیوز) ایران نے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی فوجی طیاروں کی بعض ہمسایہ ممالک کی فضائی حدود میں موجودگی کو اپنی قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔ ایرانی فوجی کمانڈ نے واضح کیا ہے کہ خطرہ محسوس ہونے پر ایران سخت جواب دے گا۔
ایرانی خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر نے اسرائیلی طیاروں کی پروازوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پروازیں ایران کے لیے خطرناک ہیں۔
بیان کے مطابق اگر امریکا اسرائیل کو قابو میں رکھنے میں ناکام رہا تو ایران بھرپور جواب دے گا۔ ایران کسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کرے گا۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایران نے عراقی حکومت اور کرد حکام کو بھی پیغام بھیجا ہے۔ پیغام میں شمالی عراق میں ایران مخالف گروپوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے حالیہ مہینوں میں شمالی عراق میں کئی حملے کیے ہیں۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر گروپ ایران میں داخلے کے لیے استعمال ہوئے تو ان کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔














