سعودی عرب نے اقوام متحدہ میں آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنانے پر زور دیا ہے، جبکہ اسرائیلی اقدامات کی مخالفت کی ہے۔
نیویارک: (رائیٹ ناؤنیوز) اقوام متحدہ میں سعودی عرب نے فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کرتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کا مطالبہ کیا ہے۔ سعودی مندوب عبدالعزیز الواصل نے کہا کہ مسئلہ فلسطین مشرق وسطیٰ کے تنازع کا بنیادی محور ہے۔
اقوام متحدہ میں سعودی مندوب نے دو ریاستی حل کو خطے میں پائیدار امن کے لئے ناگزیر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنانے کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔
سعودی عرب نے فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آبادکاری اور جبری بے دخلی کو مسترد کیا ہے۔ سعودی مندوب نے کہا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہیں۔
عبدالعزیز الواصل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا ہے، تاکہ انسانی جانوں کا نقصان روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ آبادی کو امداد کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے کہا ہے کہ انسانی امداد کو سیاسی دباؤ کے لئے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔















