پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان مالی وسائل کی تقسیم پر معاہدہ طے پایا، این ایف سی اور بی آئی ایس پی کو محفوظ رکھا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان وسائل کی تقسیم کے نئے فریم ورک پر اتفاق ہو گیا ہے۔ این ایف سی ایوارڈ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو متاثر کیے بغیر معاہدہ طے پایا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں جماعتیں این ایف سی ایوارڈ اور بی آئی ایس پی کے موجودہ ڈھانچے کو برقرار رکھنے پر متفق ہوئی ہیں۔ نئے انتظام کے تحت صوبے 10 کھرب روپے سے زائد کی مالی وسائل وفاق کو فراہم کریں گے۔
پیپلز پارٹی نے مالی مشکلات کے حل کیلئے بجٹ کی منظوری کا اشارہ دیا ہے۔ تکنیکی کمیٹیاں مزید مشاورت جاری رکھیں گی۔ اسلام آباد کو مالی دباؤ سے بچانے کیلئے یہ سمجھوتہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ این ایف سی اور بی آئی ایس پی پر اصرار کے باعث بجٹ کی تاخیر ہورہی تھی۔ سندھ نے نئے این ایف سی ایوارڈ کی مخالفت کی تھی، جبکہ بعض حلقے وفاقی مالی وسائل کی تقسیم پر بے چینی کا اظہار کر رہے تھے۔
پیپلز پارٹی نے موجودہ نظام میں شراکت داری پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اخراجات کی نئی ترتیب اور ترقیاتی مدات میں تبدیلیاں ممکن ہیں، جبکہ بی آئی ایس پی کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔













