ایران نے ممکنہ حملے کی صورت میں یورینیم افزودگی 90 فیصد تک بڑھانے کی دھمکی دے دی، جس سے خطے میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔
تہران: (رائیٹ ناؤنیوز) ایران نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس کی سرزمین پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو وہ یورینیم کی افزودگی کو 90 فیصد تک بڑھا سکتا ہے۔
ایرانی پارلیمانی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ نئی فوجی کارروائی کی صورت میں ایران 90 فیصد یورینیم افزودگی پر غور کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کو پارلیمنٹ میں غور و خوض کے بعد قومی مفادات کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔
یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی توجہ مرکوز ہے۔
واضح رہے کہ 90 فیصد یورینیم افزودگی کو ہتھیاروں کے معیار کے قریب سمجھا جاتا ہے اور مغربی ممالک اس پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔














