ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کا اعلان کیا ہے، رکاوٹ ڈالنے والوں کو سخت کارروائی کی دھمکی دی۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پیر کی صبح سے آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کے لیے پراجیکٹ فریڈم شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے حالیہ تنازع میں شامل نہ ہونے والے ممالک کے جہاز پھنسے ہوئے ہیں جنہیں محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا۔ متاثرہ ممالک کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ان کے جہازوں کو نکالا جائے گا۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ کئی ممالک نے اپنے جہازوں کو نکالنے کی درخواست کی ہے لیکن جب تک حالات محفوظ نہیں ہوں گے، جہازوں کو حرکت نہیں دی جائے گی۔ پیر کی صبح سے آپریشن شروع ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پھنسے ہوئے جہازوں میں خوراک اور انسانی ضروریات کی کمی ہو رہی ہے اس لیے یہ اقدام انسانی ہمدردی کے تحت کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی بحری ناکہ بندی کے باوجود ایرانی تیل بردار جہاز بحرالکاہل تک پہنچ چکا ہے۔ امریکی صدر نے خبردار کیا کہ انسانی ہمدردی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔














