جرمن چانسلر نے ایران جنگ میں امریکا کی کمزور حکمت عملی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
برلن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کی حکمت عملی کمزور دکھائی دے رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا کو افغانستان اور عراق جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق جرمن چانسلر نے کہا ہے کہ امریکا کو ایران کے خلاف جنگ میں سبکی کا سامنا ہے۔ واشنگٹن کے پاس اس تنازع سے نکلنے کا واضح راستہ موجود نہیں ہے۔
جرمن شہر مارسبرگ میں طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے مرز نے کہا کہ ایسی جنگوں میں داخل ہونا آسان مگر نکلنا مشکل ہوتا ہے۔ ایران کی قیادت نہایت مہارت سے مذاکرات کر رہی ہے اور مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔
مرز نے فوری جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کے اثرات جرمنی کی معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں۔ ایران کے خلاف جنگ سے توانائی کی قیمتوں اور معاشی پیداوار پر براہ راست اثر پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ جرمن وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ جوہری خطرات عالمی سیکیورٹی کے لیے بڑا چیلنج ہیں۔ یورپ میں اس جنگ کے اثرات پر تشویش بڑھ رہی ہے اور خطے میں عدم استحکام کے خدشات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔















