یورپی یونین نے امریکا اور ایران کے ممکنہ معاہدے کے تحت ایران پر عائد پابندیاں نرم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
برسلز: (رائیٹ ناوٴ نیوز) یورپی یونین نے عندیہ دیا ہے کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان کوئی جامع معاہدہ طے پاجاتا ہے تو ایران پر عائد پابندیاں نرم کی جاسکتی ہیں۔ جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے یورپی رہنماؤں کو بتایا کہ معاہدے کی صورت میں پابندیوں میں نرمی مستقل جنگ بندی کے عمل کو آگے بڑھا سکتی ہے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب یورپی رہنما قبرص میں مصر، شام اور لبنان کے سربراہان کے ساتھ سکیورٹی اجلاس میں شریک ہیں۔ اجلاس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور ایران کے معاملات زیر غور ہیں۔
یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے آبنائے ہرمز کو عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ گزرگاہ عالمی توانائی کے لیے نہایت اہم ہے۔
واضح رہے کہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کاجا کالاس نے خبردار کیا ہے کہ اگر مذاکرات 2015 کے ایران جوہری معاہدے جیسا نتیجہ نہ دے سکے تو دنیا کو خطرناک ایران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
یاد رہے کہ اس معاہدے سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پہلی مدت کے دوران دستبرداری اختیار کی تھی۔











