امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران تنازع کے حل میں جلدبازی کو رد کر دیا، مذاکرات کی کوئی ڈیڈلائن نہیں۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مڈٹرم انتخابات کی وجہ سے ایران تنازع کو جلدی ختم کرنے کا تاثر غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا گیا اور مذاکرات کی بھی کوئی ڈیڈلائن نہیں رکھی گئی۔
امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے کسی قسم کی جلدی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی عوام کے مفاد میں بہتر ڈیل چاہتے ہیں اور کسی سیاسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لاتے۔
صدر ٹرمپ نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی تعریف کی اور کہا کہ وہ سمجھدار شخص ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جمعے تک مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہو سکتا ہے اور اگلے 36 سے 72 گھنٹے اہم ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے بتایا کہ امریکا ایران کے جواب کا انتظار کر رہا ہے اور صدر ٹرمپ نے جنگ بندی کی کوئی حتمی ڈیڈ لائن مقرر نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ کیرولائن لیویٹ نے کہا ہے کہ جنگ بندی برقرار ہے، تاہم آپریشن اکنامک فیوری جاری رہے گا اور ایران کو چاہیے کہ افزودہ یورینیم امریکا کے حوالے کر دے۔













