ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا سے مذاکرات جاری ہیں، مگر کشیدگی کی صورت میں جنگ کے لیے بھی تیار ہیں۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ تہران امریکا کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم بڑھتی کشیدگی کے باعث ہر ممکن اقدام کے لیے تیار ہے۔
قالیباف نے ٹیلی ویژن بیان میں کہا کہ ایران کو اپنے مخالفین پر اعتماد نہیں ہے۔ صورتحال کسی بھی وقت مزید بگڑ سکتی ہے، ہم دشمن پر بھروسہ نہیں کرتے، جنگ شدت اختیار کر سکتی ہے۔
ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق قالیباف نے کہا کہ ایران سفارتی عمل جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں مذاکرات اہم ہیں، لیکن قومی سلامتی کے لیے ضروری اقدامات کرنا بھی لازمی ہے، ان کے بیان کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ ایران کی پالیسی ’مذاکرات بھی، تیاری بھی‘ سفارت کاری کے دروازے کھلے رکھنے کے ساتھ ممکنہ تصادم کے لیے بھی تیاری کو ظاہر کرتی ہے۔












