متحدہ عرب امارات نے آبنائے ہرمز کو مکمل اور غیر مشروط طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا۔
ابوظہبی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) متحدہ عرب امارات نے آبنائے ہرمز کو مکمل اور غیر مشروط طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واشنگٹن میں بین الاقوامی معاشی کانفرنس میں اماراتی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم الہاشمی نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر کسی ایک ملک کا کنٹرول نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی گزرگاہیں سب کے لیے مشترکہ مفاد ہوتی ہیں۔
ریم الہاشمی نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم راستہ ہے جہاں سے دنیا کی پانچویں حصے کے برابر توانائی گزرتی ہے۔ یہ کئی اہم اشیاء کی ترسیل کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے ایران کے حملوں کے حوالے سے کہا کہ ہماری کمیونٹی نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ یو اے ای کا طرز زندگی نہ صرف خوشحالی بلکہ محفوظ زندگی بھی فراہم کرتا ہے۔ یہ ہماری قیادت اور اماراتی جذبے کا ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ اماراتی وزیر نے امریکہ میں آئندہ 10 سال میں مزید 1.4 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا بھی اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی امریکی معیشت میں تقریباً ایک ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکے ہیں اور اس تعلق کو مزید مضبوط کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔











