کمانڈر قدس فورس نے کہا کہ مزاحمتی محاذ مضبوط ہے، دشمن کو خالی ہاتھ جانا پڑے گا۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے دوران ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قاآنی نے سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزاحمتی محاذ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکا ہے اور دشمن کو خالی ہاتھ واپس جانا پڑے گا۔
بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی نے کہا کہ مزاحمتی قوتیں پورے خطے میں فعال اور منظم ہیں اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کے مطابق امریکا اور اسرائیل کو ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے کہ وہ یمن، باب المندب اور بحیرہ احمر میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بار بھی دشمن کو کسی قسم کی کامیابی حاصل نہیں ہوگی اور خطے میں موجود مزاحمتی قوتیں ان کے عزائم کو ناکام بنا دیں گی۔
حال ہی میں امریکی فوج کی ایرانی بندرگاہوں کے گرد ناکہ بندی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کو روکا یا قبضے میں لیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر بھی اثرات محسوس کیے جا رہے ہیں اور ماہرین کے مطابق یہ صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔











