ایران کا اعلیٰ سطح کا وفد اسلام آباد میں مذاکرات کے بعد واپس روانہ ہوگیا۔ امریکی نائب صدر نے بات چیت کو بڑی پیشرفت قرار دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ ایران کا اعلیٰ سطح کا وفد اسلام آباد میں مذاکرات میں شرکت کے بعد واپس روانہ ہوگیا۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر اور قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایرانی وفد کو الوداع کہا۔ وفد میں مجلس شوریٰ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیرخارجہ عباس عراقچی شامل تھے۔
پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے تاریخ ساز مذاکرات کے پہلے راؤنڈ کا اختتام ہوچکا ہے۔ فریقین نے مذاکرات جاری رکھنے کی نیت ظاہر کی ہے۔ امریکی نائب صدر نے بات چیت کو بڑی پیشرفت قرار دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ کئی پیچیدہ نکات پر مفاہمت حاصل کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے تنازع کا ایک نشست میں حل ہونا ممکن نہیں تھا۔
یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے وفود نے پاکستان کی شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا ہے۔ مذاکرات میں پیشرفت کو امید کی کرن قرار دیا گیا ہے۔













