اسلام آباد میں امریکا ایران مذاکرات 14 گھنٹے بعد مکمل، ایران نے بات چیت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایرانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں جاری مذاکرات 14 گھنٹے بعد مکمل ہو گئے ہیں۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق، امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان بالمشافہ بات چیت کے بعد تکنیکی ماہرین نے تحریری مسودوں کا تبادلہ کیا۔
ایرانی حکومت نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا کہ مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے، حالانکہ آبنائے ہرمز سمیت کچھ امور پر شدید اختلافات موجود ہیں۔
اسلام آباد مذاکرات میں کچھ پیشرفت ہوئی ہے، مگر ماہرین اور تکنیکی سطح پر مزید بات چیت کی ضرورت محسوس کی گئی۔ ایران اور امریکا کے درمیان مزید مذاکرات اسلام آباد میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایرانی وفد نے لبنان میں جنگ بندی کے مسئلے پر امریکا سے اسرائیل کو دباؤ میں لانے کا مطالبہ کیا ہے اور یہ معاملہ پاکستانی ثالث کے سامنے اٹھایا گیا ہے۔













