امریکا ایران کے اسلام آباد مذاکرات نتیجہ خیز مرحلے میں داخل

اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، تکنیکی ٹیموں کے درمیان بحث جاری۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
اسلام آباد میں امریکا ایران مذاکرات، اہم مرحلے میں داخل

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چینی خبررساں ایجنسی شنہوا کے مطابق اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ پہلے دور کی تکمیل کے فوراً بعد ماہرین اور تکنیکی ٹیموں کی سطح پر ایک اور دور شروع ہو گیا۔

پاکستان کے دارالحکومت میں امریکا، پاکستان اور ایران کے درمیان ایک سہ فریقی ملاقات بھی ہوئی۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق یہ ملاقات تقریباً 2 گھنٹے جاری رہی۔

امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل تھے جبکہ ایرانی وفد میں پارلیمنٹ اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کی شمولیت ہوئی۔

ایرانی خبر رساں ادارےفارس نیوز کے مطابق پاکستان کی میزبانی میں جاری مذاکرات میں ایران اور امریکا کی ماہر ٹیموں کے درمیان تحریری پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے۔ یہ پیش رفت اسلام آباد میں جاری بات چیت کے تکنیکی مرحلے کے دوران سامنے آئی، جہاں پہلے دور کے بعد ایک اور ماہرین سطح کا مرحلہ شروع ہونے کی اطلاعات بھی موجود ہیں

مذاکرات اب تفصیلی اور تکنیکی بحث میں داخل ہو چکے ہیں۔ دوسرے دور میں ماہرین کی سطح پر نکات زیر بحث آئے جو عملی نتائج سے جڑے ہیں۔ذرائع کے مطابق دونوں فریق ابتدا میں اپنے سخت مؤقف پر اڑے رہے ، تاہم لبنان میں اسرائیلی حملوں، ایران کے منجمد اثاثوں، آبنائے ہرمز اور چند دیگر امور پر کچھ پیش رفت کی اطلاعات بھی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اس پورے عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے اور یہ بات چیت مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں