مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باعث سندھ کے پاسپورٹ دفاتر میں درخواست گزاروں کی تعداد میں 50 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں درخواست گزاروں کی تعداد میں 50 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
نئے اور تجدید شدہ پاسپورٹس کی درخواستوں میں کمی سے ریونیو بھی متاثر ہوا ہے۔ اس کمی کی وجوہات میں ورک ویزوں اور سیاحتی ویزوں کے اجراء میں کمی شامل ہیں۔ کراچی میں یومیہ درخواست گزاروں کی تعداد 2 ہزار سے کم ہوکر 8 سے 9 سو تک آگئی ہے۔
سندھ کے دیگر شہروں میں پاسپورٹ دفاتر میں درخواست گزاروں کی تعداد 3 ہزار کے بجائے 12 سو سے 15 سو تک محدود ہوگئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی کی صورت میں درخواست گزاروں کی تعداد ماضی کی طرح ہونے کی توقع ہے۔
پاسپورٹ دفاتر میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکام نے درخواست گزاروں کی سہولت کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کی وجہ سے پاکستان میں ویزا درخواستوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے، جس کا اثر پاسپورٹ دفاتر پر بھی پڑا ہے۔












