پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں ہنگامی آپریشن کے ذریعے 18 غیر ملکی افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب سرچ آپریشن کرتے ہوئے 18 افراد پر مشتمل غیر ملکی عملے کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ایم وی گولڈ آٹم نامی تجارتی بحری جہاز سے ہنگامی سگنل موصول ہونے کے بعد آپریشن شروع کیا گیا۔
ہنگامی سگنل کے بعد پاک بحریہ نے چین، بنگلادیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا کے شہریوں کو بحفاظت ریسکیو کیا۔
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن مکمل کیا اور عملے کو فوری طبی امداد فراہم کی۔
واضح رہے کہ پاک بحریہ سمندر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور متاثرہ افراد کو بحفاظت کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔














