وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلوچستان اسمبلی کی تہنیتی قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیا۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے بلوچستان اسمبلی میں منظور کی گئی مشترکہ تہنیتی قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اظہارِ مسرت کیا ہے۔
انہوں نے ایکس (X) پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی فورم کی یہ متفقہ قرارداد قابلِ تحسین ہے، جو پاکستان کے مؤثر سفارتی کردار اور قومی یکجہتی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کشیدگی کے دوران پاکستان نے متوازن اور دانشمندانہ سفارت کاری کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بروقت اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے ملک کا مثبت تشخص مستحکم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے صبر، تحمل اور امن پسندی کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت وفاق کے ساتھ مل کر امن، استحکام اور ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھاتی رہے گی۔ اس قرارداد کی منظوری سے پاکستان کا عالمی سطح پر مقام مزید مضبوط ہوا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی نے یہ قرارداد عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے منظور کی تھی، جس کا مقصد عالمی امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنا ہے۔














