اسلام آباد میں امریکی و ایرانی وفود کو عارضی ویزا فری سہولت دی گئی تاکہ مذاکرات میں سہولت ہو۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد میں ہونے والے اہم سفارتی مذاکرات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ امریکی اور ایرانی وفود کو پاکستان آمد کیلئے عارضی طور پر ویزا فری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ خصوصی انتظام صرف مذاکرات کی مدت تک محدود ہوگا اور اس کا اطلاق کسی بھی صورت میں مستقل پالیسی کے طور پر نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس سہولت کا مقصد دونوں ممالک کے وفود کی آمد و رفت کو آسان بنانا اور مذاکراتی عمل کو ہموار بنانا ہے۔
مزید برآں، مذاکرات کی کوریج کیلئے آنے والے صحافیوں کو بھی اسی نوعیت کی رعایت دی جائے گی تاکہ بین الاقوامی میڈیا نمائندگان باآسانی پاکستان آ سکیں۔
واضح رہے کہ یہ ویزا فری سہولت صرف مخصوص وفود اور منظور شدہ صحافیوں تک محدود ہے، جبکہ تیسرے ممالک کے شہری اس رعایت سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے سفارتی کوششوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہا ہے۔














