ایران نے لبنان کو جنگ بندی معاہدے کا لازمی حصہ قرار دیا، امریکا کو خبردار کیا کہ کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران نے واضح کیا ہے کہ لبنان کسی صورت جنگ بندی معاہدے سے الگ نہیں ہوگا اور اسے معاہدے کا لازمی حصہ تسلیم کیا جانا چاہیے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ خطے میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے اتحادی، خصوصاً لبنان، جنگ بندی کے بنیادی فریق ہیں اور انہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ یہ مؤقف ایران کی پیش کردہ 10 نکاتی تجاویز کا اہم ترین نکتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف بھی لبنان کے معاملے پر واضح مؤقف دے چکے ہیں۔
ایرانی اسپیکر نے خبردار کیا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی پر سخت ردعمل سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل لبنان کو ایران کے ساتھ ہونے والے جنگ بندی معاہدے کا حصہ نہیں مانتے۔ ماہرین کے مطابق یہ اختلافات خطے میں امن عمل کے لیے رکاوٹ بن سکتے ہیں۔













