اسرائیلی ڈرون حملے میں الجزیرہ کے صحافی محمد وشاح غزہ میں شہید ہوگئے۔
غزہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسرائیلی ڈرون حملے میں الجزیرہ کے صحافی محمد وشاح جاں بحق ہوگئے۔ وشاح غزہ میں الجزیرہ مباشر کے نمائندے کے طور پر کام کر رہے تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، محمد وشاح بدھ کو غزہ سٹی کے مغرب میں واقع الرشید اسٹریٹ پر سفر کر رہے تھے جب ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی اور وشاح موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
الجزیرہ نیٹ ورک نے اس واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ بین الاقوامی قوانین اور صحافتی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ نیٹ ورک نے کہا کہ یہ عمل صحافیوں کو ڈرانے اور سچ کی آواز کو خاموش کرنے کی کوشش ہے۔
غزہ گورنمنٹ میڈیا آفس کے مطابق، اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 262 صحافی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ادارے نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی کارروائیاں جاری ہیں اور تقریباً 2000 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، جنگ کے آغاز سے اب تک 72 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 71 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ عالمی ادارے صحافیوں کی حفاظت کی اپیل کر رہے ہیں۔












