عطاء تارڑ نے جنگ بندی پر فوری عملدرآمد کو پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا، عالمی سطح پر ثالثی کردار کو سراہا جا رہا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حالیہ سیز فائر کا اعلان اور اس پر فوری عملدرآمد پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزارتِ خارجہ اس تمام عمل میں متحرک رہی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے ساتھ رابطہ رکھا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی مارکیٹوں میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے، جو سفارتی پیش رفت کا نتیجہ ہے۔ مزید براں، عوام کو آئندہ پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے، جس میں پٹرولیم مصنوعات سمیت دیگر معاملات پر بات ہوگی۔ خطے میں پٹرولیم کی قلت تھی، لیکن سپلائی چین کو بہتر طریقے سے منیج کیا گیا۔
واضح رہے کہ عطا اللہ تارڑ نے آج کا دن ‘معرکۂ حق’ کی طرح پاکستانی قوم کے لیے فخر کا دن قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹے اور آنے والے دن اہم ہیں اور پاکستان کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔














