پنجاب میں کفایت شعاری اقدامات کے تحت مالز رات 8 اور ریسٹورنٹس 10 بجے بند ہوں گے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں کفایت شعاری کے اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔ اس فیصلے کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند ہوں گے جبکہ سرکاری گاڑیوں کے فیول کوٹے میں 50 فیصد کمی کی گئی ہے۔ نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی اور سرکاری میٹنگز آن لائن منعقد کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
سرکاری افسران کے پروٹوکول اور سکیورٹی گاڑیوں کو محدود کر دیا گیا ہے۔ سرکاری سطح پر عشائیوں پر پابندی جبکہ غیر ملکی وفود کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ کام کے اوقات کار ہفتے میں 4 دن تک محدود کر دیے گئے ہیں۔
تاجر برادری کا کہنا ہے کہ شہری صبح شاپنگ کے لیے نہیں آتے، کاروباری حالات پہلے ہی خراب ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے مارکیٹس جلد کھولنے اور رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے یہ اقدامات توانائی کی بچت اور مالی معاملات کو بہتر بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔














