خیرپور میں منکی پاکس کی وبا کی وفاقی سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا

خیرپور میں منکی پاکس کی وبا کی وفاقی سطح پر تحقیقات شروع ہو گئیں، ماہرین کی ٹیم روانہ۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
خیرپور، منکی پاکس کی وبا کی وفاقی تحقیقات شروع

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیرپور میں منکی پاکس کی وبا کی وفاقی سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خیرپور میں منکی پاکس کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ادارہ صحت کے ماہرین کی ٹیم اسلام آباد سے روانہ ہو چکی ہے جو آج خیرپور پہنچے گی۔

حکام کے مطابق صوبوں کی جانب سے بروقت رپورٹنگ نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے صوبائی حکام سے کیسز کا ڈیٹا فوری شیئر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نمونوں کو قومی ریفرنس لیبارٹری اسلام آباد بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔

قومی ادارہ صحت نے صوبہ سندھ کو خط لکھا ہے کہ بین الاقوامی ہیلتھ ریگولیشنز کے تحت کیسز کی بروقت رپورٹنگ ضروری ہے۔ صوبائی سطح پر رپورٹنگ میں تاخیر قومی کوششوں کو متاثر کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ خیرپور میں گزشتہ روز بھی 25 سے 30 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مزید علاقوں سے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ ڈاؤ یونیورسٹی کے ماہرین نے بھی خیرپور سے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری تجزیہ جاری کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ قومی ادارہ صحت کے مطابق وبا پر قابو کے لیے فوری اور مربوط اقدامات ضروری ہیں۔ تاخیر سے رپورٹنگ وبا کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں