ایرانی وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں مذاکرات کے انکار کی خبروں کی تردید کی ہے، امریکی میڈیا نے ایران کے انکار کا دعویٰ کیا تھا۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے جانے سے کبھی بھی انکار نہیں کیا۔
گزشتہ روز امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے خبر دی تھی کہ ایران نے اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملاقات سے انکار کر دیا ہے۔ اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ایران نے باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ وہ امریکی مطالبات قبول نہیں کرتا۔
امریکی میڈیا نے کہا کہ ترکیے اور مصر مذاکرات کے لیے نئے مقامات پر غور کر رہے ہیں، جن میں دوحہ اور استنبول شامل ہیں۔ جبکہ تعطل ختم کرنے کے لیے نئی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کبھی مذاکرات کے لیے اسلام آباد جانے سے انکار نہیں کیا۔ انہوں نے پاکستان کی جنگ بندی کی کوششوں کو سراہا۔
واضح رہے کہ امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے امریکی حکام کے مطالبات ناقابل قبول قرار دیے ہیں، جبکہ ایرانی وزارت خارجہ نے ایسی خبروں کو غلط پیش کرنے کا الزام لگایا ہے۔














