پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک نے اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ تک رسائی روکنے کے اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ اور دیگر مقدس مقامات تک رسائی روکنے کے اقدامات کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔
مشترکہ اعلامیے میں پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیے، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ مسجد اقصیٰ تک رسائی روکنا عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے امام کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر اسلامی ممالک نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اعلامیے میں مقبوضہ بیت المقدس میں مذہبی مقامات کی قانونی اور تاریخی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کی گئی اور کہا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران مسجد اقصیٰ کے دروازے بند رکھنا مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی ممالک نے اردن کے محکمہ اوقاف کو مسجد اقصیٰ کے امور کا واحد مجاز ادارہ قرار دینے کے مؤقف کا اعادہ کیا اور عالمی برادری سے اسرائیلی اقدامات روکنے کے لیے فوری کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔











