انتونیو گوتریس نے دنیا کو وسیع جنگ کے خطرے سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
جنیوا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ دنیا وسیع جنگ کے خطرے کی طرف بڑھ رہی ہے۔ مشرقی وسطیٰ کی جنگ قابو سے باہر ہو چکی ہے۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ مذاکرات اور امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا کامیاب ہونا ضروری ہے۔ امریکا اور اسرائیل کو فوری جنگ ختم کرنی چاہیے جبکہ ایران کو پڑوسیوں پر حملے روکنے کی ضرورت ہے۔
سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کی طویل بندش تیل، گیس اور کھاد کی نقل وحرکت میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ اس سے عالمی کاشتکاری کے اہم موسم میں سنگین صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ لبنان کو دوسرا غزہ نہیں بنایا جائے۔ غزہ جیسی کارروائیاں لبنان میں نہ دہرائی جائیں اور وہاں اسرائیلی فوجی آپریشن روکا جائے۔ حزب اللہ کو بھی اسرائیل پر حملے روکنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ مشرقی وسطیٰ کی موجودہ صورتحال عالمی امن کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اس تناظر میں عالمی طاقتوں کو فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔











