اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا سے مذاکرات کی آمادگی ظاہر کی ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسرائیلی میڈیا نے کہا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا کے ساتھ براہِ راست مذاکرات پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ العربیہ نے اسرائیلی اخبار ‘یدیوت احرونوت’ کے حوالے سے بتایا کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف کو خفیہ طور پر اس بات کی اطلاع دی۔
رپورٹ کے مطابق ایران اپنے شرائط کے مطابق مذاکرات پر آمادہ ہے، تاہم ان دعوؤں کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ بالواسطہ بات چیت جاری ہے، مگر ایران نے تردید کی ہے۔
ٹرمپ کے مطابق یہ مذاکرات کسی ’اعلیٰ سطح کے فرد‘ کے ذریعے ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزید تفصیل نہیں بتائی۔ ٹرمپ نے ایران کو آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دی اور توانائی تنصیبات پر حملوں میں پانچ روز کی تاخیر کا اعلان کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ پانچ روز میں ممکن ہے اور ایران معاہدہ چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملات مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران نے کسی بھی باضابطہ مذاکرات یا خفیہ رابطوں کی تصدیق نہیں کی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اور بیانات جاری ہیں۔











