ایران کی جانب سے اسرائیل کے ڈیمونا اور عراد پر میزائل حملوں میں 180 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 8 کی حالت نازک ہے۔
تل ابیب: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کی جانب سے اسرائیل کے علاقوں ڈیمونا اور عراد پر میزائل حملوں میں کم از کم 180 اسرائیلی زخمی ہوئے، جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق عراد میں 116 اور ڈیمونا میں 64 افراد زخمی ہوئے۔
اسرائیلی میڈیا نے پہلے 6 اسرائیلیوں کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ عراد پر حملے کے وقت مکینوں کے لیے کوئی الرٹ جاری نہیں ہوا۔ ایران نے نطنز کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے جواب میں ڈیمونا کو نشانہ بنایا، جہاں اسرائیلی ایٹمی ری ایکٹر واقع ہے۔
ڈیمونا پر کامیاب ایرانی حملے پر دفاعی حلقے حیران ہیں، کیونکہ یہ اسرائیل کی حساس ترین تنصیب کے قریب ہوا جہاں انتہائی طاقت ور دفاعی نظام نصب ہے۔ ایران کے پاسداران انقلاب نے کہا کہ جنگ کا توازن تبدیل ہو رہا ہے اور اسرائیلی فضائی دفاع کمزور ہوتا جا رہا ہے۔
امریکی عوام میں 55 فیصد نے زمینی کارروائی کی مخالفت کی ہے جبکہ 34 فیصد نے ایران میں اسپیشل فورسز کی تعیناتی کی حمایت کی۔ نیتن یاہو نے کہا ہے کہ دشمنوں پر حملے جاری رکھیں گے، یہ ہمارے مستقبل کی جنگ ہے۔











