روسی سفیر نے کہا ہے کہ پاکستان نے رابطہ کیا تو سستا تیل فراہم کیا جائے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان میں روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان نے رابطہ کیا تو روس اسے سستا تیل فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ تیل کی خریداری کے لیے پاکستان کا روس سے رابطہ ابھی تک نہیں ہوا، اور توانائی کا شعبہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا اہم ستون ہے۔
روسی سفیر نے ایران کے ساتھ جاری فوجی اور تکنیکی تعاون پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ایران کا ردعمل امریکی فوجی تنصیبات کے خلاف تھا جو خلیجی آبناؤں میں موجود ہیں۔ انہوں نے خطے میں جاری صورتحال کو غیریقینی قرار دیا۔
البرٹ پی خوریف نے ایران میں بچیوں کے اسکول پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں 170 بچوں کی ہلاکت قابل مذمت ہے۔ انہوں نے تمام فریقین سے مطالبہ کیا کہ مسائل کا حل سیاسی وسفارتی طریقے سے نکالا جائے۔
روسی سفیر نے امریکا اور اسرائیل پر ایران کے خلاف طاقت کا استعمال کرنے اور اسلامی دنیا میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔











