سعودی عرب نے ریاض میں امریکی سفارتخانے پر ایرانی ڈرون حملے کی مذمت کی، حملے کے نتیجے میں عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی عرب نے ریاض میں امریکی سفارتخانے پر ایرانی ڈرون حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ سعودی حکام نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں عمارت میں محدود آگ لگی اور جزوی نقصان ہوا۔
سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ مملکت اس حملے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتی ہے اور اسے جنیوا کنونشن اور ویانا کنونشن کے منافی سمجھتی ہے۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ ایران کا یہ طرز عمل خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ سعودی عرب نے اپنی سرزمین، شہریوں اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھا ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں اسرائیل اور امریکا نے ایران میں اہداف پر حملے کیے ہیں، جس کے جواب میں ایران نے خطے میں مختلف مقامات پر کارروائیاں کی ہیں، جبکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر بھی ڈرون اور میزائل حملوں کی اطلاعات ہیں۔













