لاہور میں بسنت کی تیاریوں کے تحت 10 سرکاری سکولوں کی چھتیں مختص کی گئی ہیں۔ انتظامات کی نگرانی کے لیے نگران عملے کو ڈیوٹی پر رکھا گیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اندرون لاہور میں بسنت کی تیاریاں عروج پر ہیں اور اس سلسلے میں 10 سرکاری سکولوں کی چھتیں بسنت کے لیے مختص کر دی گئی ہیں۔ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے محکمہ سکول ایجوکیشن کو 10 سکولوں کی رپورٹ ارسال کی ہے، جن میں گورنمنٹ ہائی سکول بھاٹی گیٹ، دہلی گیٹ، سید مٹھا بازار اور شاہ عالم گیٹ شامل ہیں۔
گورنمنٹ وکٹوریل گرلز ہائی سکول، تکیہ سادھواں، کابلی مل اور چونا منڈی کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔ سکولوں میں نگران عملے کو بسنت کے تین روز چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر انتظامات کی نگرانی کریں گے اور ناقص انتظامات کی صورت میں متعلقہ ہیڈز ذمہ دار ہوں گے۔














