اقبال اکیڈمی نے علامہ اقبال پر فلم اور 70 اقساط کی ڈراما سیریز بنانے کا اعلان کیا ہے تاکہ ان کی شخصیت کو مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے اجلاس میں اقبال اکیڈمی پاکستان نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کی زندگی پر فلم اور طویل ڈراما سیریز بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس کی صدارت چیئرپرسن نوشین افتخار نے کی، جس میں اقبال اکیڈمی کے حکام نے بتایا کہ علامہ اقبال کی شخصیت پر ارتغل غازی کی طرز پر پانچ سیزن پر مشتمل سیریز بنانے کا ارادہ ہے، جو مجموعی طور پر 70 اقساط پر مشتمل ہوگی۔
اجلاس کے دوران اقبال اکیڈمی حکام نے بتایا کہ علامہ اقبال کے اہلِ خانہ کے 77 انٹرویوز جمع کیے جا چکے ہیں، جنہیں تحقیقی مواد کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ چیئرپرسن نوشین افتخار نے زور دیا کہ فلم یا سیریز کا معیار ایسا ہو کہ آئندہ نسلوں تک اقبال کے پیغام کو مؤثر انداز میں منتقل کر سکے۔
اجلاس میں کمیٹی ارکان نے تجویز دی کہ اگر علامہ اقبال کے پرانے گھر کی تصاویر یا بصری مواد دستیاب ہوں تو انہیں منصوبے کا حصہ بنایا جائے۔ اقبال اکیڈمی نے بتایا کہ علامہ اقبال سے متعلق ڈیڑھ سو سالہ تقریبات منانے کی بھی تیاری کی جا رہی ہے اور ان کے افکار پر خصوصی مواد تیار کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علامہ اقبال کی شخصیت پر بننے والا یہ منصوبہ تاریخی، فکری اور فنی اعتبار سے جامع ہونا چاہیے تاکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مستند حوالہ بن سکے۔

![اقبال اکیڈمی کا علامہ اقبال پر فلم اور ڈراما سیریز بنانے کا فیصلہ [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/11893_2025-12-16_10-33-24.webp)












