میانوالی میں بیٹے کی خواہش پر والدین نے 2 ماہ کی بیٹی کو پانی کی ٹنکی میں ڈبو کر قتل کردیا، والد گرفتار جبکہ والدہ فرار۔
میانوالی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) میانوالی کے علاقے کنیانوالہ میں بیٹے کی خواہش کی وجہ سے والدین نے اپنی 2 ماہ کی بیٹی کو پانی کی ٹنکی میں ڈال کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق والدین بچی کی پیدائش پر خوش نہیں تھے اور بیٹے کے خواہشمند تھے۔ دو روز قبل والدین نے مبینہ طور پر بچی کو پانی کی ٹنکی میں پھینک کر جان سے مار دیا۔
پولیس نے والد اور والدہ سمیت نامعلوم افراد کے خلاف دفعہ 302 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ایف آئی آرکے مطابق دونوں میاں بیوی کے ہمراہ کچھ نامعلوم افراد بھی موجود تھے جنہوں نے مبینہ طور پر صلاح مشورے کے بعد بچی کو اٹھا کر پانی کی ٹینکی میں پھینک دیا، جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال پپلاں منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے بچی کے والد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ والدہ موقع سے فرار ہوگئی۔ تحقیقات کے لیے بچی کے جسم کے نمونے فارنزک لیب لاہور بھیجے گئے ہیں تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم ہوسکے۔















