ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان سے جڑے دہشتگردی کے روابط پر عالمی برادری کو خبردار کیا۔

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کو جن حملوں کا سامنا کرنا پڑا، ان کے روابط واضح طور پر افغانستان سے ملتے ہیں۔ انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے امریکی سرزمین پر دہشت گردی کی سنگین واردات قرار دیا۔
ترجمان نے عالمی برادری کو انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے تاجکستان میں چینی شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین سے دہشت گردی کو روکے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی بیانات کو خام خیالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع پر سمجھوتا نہیں کرے گا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائی اور بھارت پر قیدیوں کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالنے کا اعادہ کیا۔
انہوں نے تاریخی بابری مسجد کے معاملے اور بھارت میں اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز اقدامات پر پاکستان کے تحفظات کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کی، جن میں غزہ کے نہتے عوام متاثر ہوئے۔













