سعودی عرب نے پاکستان کے لیے تیل سہولت میں اضافہ کرتے ہوئے ادائیگیاں ایک سال کے لیے موخر کر دیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی عرب نے پاکستان کے لیے تیل سہولت میں اضافہ کر دیا ہے، جس کا مقصد پاکستان کی توانائی درآمدات کو مستحکم کرنا ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سعودی عرب سے تیل کی فراہمی بڑھ کر 40 کروڑ ڈالرز کی ہو گئی ہے۔
سرکاری دستاویز کے مطابق اکتوبر میں پاکستان کو مزید 10 کروڑ ڈالرز کی تیل سہولت ملی ہے۔ سعودی عرب نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر مالیت کے تیل کی ادائیگی کو ایک سال کے لیے مؤخر کر دیا ہے، جبکہ 5 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کو بھی مزید مدت کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق یہ سہولت سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت فراہم کی گئی ہے۔ سعودی عرب کی 290 ارب روپے کی تیل فنانسنگ سہولت پاکستان کی توانائی درآمدات میں معاون ثابت ہو گی۔ اسٹیٹ بینک میں رکھے 5 ارب ڈالر کے ذخائر کی مدت بھی بڑھا دی گئی ہے، جن میں سے 2 ارب ڈالر دسمبر اور 3 ارب ڈالر جون 2026 میں میچور ہوں گے۔















