ایک انجکشن سے دل کے امراض کا ممکنہ علاج، جین ایڈیٹنگ سے کولیسٹرول میں نمایاں کمی

سوئس کمپنی کی جین ایڈیٹنگ تھراپی نے کولیسٹرول نصف کر دیا، دل کے امراض کے علاج میں مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

زیورخ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سوئس کمپنی کرسپر تھیراپیوٹکس کی تیار کردہ جین ایڈیٹنگ تھراپی نے انسانی جسم میں کولیسٹرول کی سطح نصف تک کم کر دی ہے، جو دل کے امراض کے علاج میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ تھراپی دل کے عام امراض میں بھی مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔

تحقیقی رپورٹ کے مطابق 15 مریضوں کو جگر میں موجود جین ‘ANGPTL3’ کو غیر فعال کرنے کے لئے ایک ہی انجکشن دیا گیا، جس سے دو ہفتوں میں “خراب” ایل ڈی ایل کولیسٹرول اور ٹرائگلیسرائیڈز کی سطح میں اوسطاً 50 فیصد کمی دیکھی گئی۔ یہ نتائج امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس میں پیش کیے گئے۔

کرِسپَر ٹیکنالوجی اب تک نایاب بیماریوں کے علاج تک محدود تھی، مگر اب یہ عام امراض میں بھی کارآمد ہے۔ امریکہ میں ہر چار میں سے ایک بالغ فرد بلند ایل ڈی ایل سطح کا شکار ہے۔

فیز ون آزمائش 2024 سے 2025 کے دوران برطانیہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کی گئی۔ شرکا کی عمریں 31 سے 68 سال کے درمیان تھیں۔ تحقیق کے دوران ایک مریض کا انتقال ہوا لیکن اس کا تعلق علاج سے ثابت نہیں ہوا۔

ماہرین کے مطابق اگر آئندہ مراحل میں تھراپی کی مؤثریت ثابت ہو گئی تو دل کے مریضوں کو بیماری کے آغاز میں ہی ایک بار کا انجکشن دے کر طویل مدت بلکہ ممکنہ طور پر مستقل علاج فراہم کرنا ممکن ہو سکے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں