ایران کے خارگ جزیرے کے نزدیک دھماکوں کی آوازیں، ایرانی ٹینکر پر امریکی حملے کی غیر مصدقہ اطلاعات نے خطے میں کشیدگی بڑھا دی ہے۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) خلیج فارس میں خارگ جزیرے کے نزدیک دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ایرانی میڈیا نے مقامی ذرائع کے حوالے سے ایک ایرانی ٹینکر پر امریکی فورسز کے حملے کی غیر مصدقہ اطلاعات رپورٹ کی ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق خلیج میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں مگر دھماکوں کے بعد کوئی دھواں نہیں دیکھا گیا۔ نورنیوز نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایک ایرانی ٹینکر کو امریکی میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی ویب سائٹ عصر ایران نے دعویٰ کیا کہ ٹینکر پر امریکی فورسز کے 4 پروجیکٹائل داغے گئے۔ رپورٹ کے مطابق حملے کے وقت ٹینکر سے سامان اتارا جا رہا تھا۔ اب تک ایران یا امریکا کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
دھماکوں کی خبریں ایسے وقت میں آئیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ سوشل میڈیا بیان میں خارگ جزیرے کے حوالے سے متنازعہ تبصرہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ ٹرمپ کے بیان کے بعد ایرانی حکام نے جزیرے پر حملے کی صورت میں بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا تھا۔















