مدھیہ پردیش میں ہندی میڈیم انجینیئرنگ طلبا کو 2 لاکھ انعام، قومی تعلیم پالیسی کے مطابق اقدام۔
اندور: (رائیٹ ناؤ نیوز) بھارت میں قومی زبان کے فروغ کے لئے مدھیہ پردیش حکومت نے ایک منفرد اسکیم کا آغاز کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت ہندی میڈیم میں انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو 2 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
مدھیہ پردیش کی شری جی ایس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ سائنس نے بی ٹیک کے ہندی میڈیم بیچ کا آغاز کیا ہے۔ اس بیچ میں 30 نشستیں رکھی گئی ہیں جن میں 20 طلبا نے داخلہ لے لیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد قومی زبان میں انجینیئرنگ کی تعلیم کو عام کرنا ہے۔ اس سے کورس چھوڑنے کی شرح میں بھی کمی آئے گی۔
واضح رہے کہ بھارت کی نئی قومی تعلیمی پالیسی کے تحت یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ اس سے ان طلبا کو فائدہ ہوگا جو انگریزی میں کمزور ہیں اور انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے سے گریزاں تھے۔
یاد رہے کہ انجینیئرنگ کو ہندی میں منتقل کرنے کے لئے ماہرین نے چار سال محنت کی ہے۔ ہندی میں تعلیم کے ساتھ ساتھ انگریزی مہارت بھی سکھائی جائے گی تاکہ طلبا عالمی معیار پر پورا اُتر سکیں۔















