فافن رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں صرف 20 فیصد ارکان نے مکمل شرکت کی، جبکہ وزیراعظم نے صرف ایک نشست میں شرکت کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) قومی اسمبلی کے 29 ویں اجلاس میں فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے حاضری کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ 17 سے 28 اگست کے دوران منعقدہ 8 نشستوں میں 332 ارکان میں سے صرف 65 ارکان یعنی 20 فیصد مکمل شریک ہوئے۔
فافن کے مطابق 37 ارکان، جو مجموعی ارکان کا 11 فیصد بنتے ہیں، کسی بھی نشست میں شریک نہیں ہوئے۔ 267 ارکان یعنی 80 فیصد نے کم از کم ایک نشست میں شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق چوتھی نشست میں حاضری سب سے زیادہ رہی، جس میں 247 ارکان یعنی 74 فیصد نے شرکت کی۔ پانچویں نشست میں حاضری سب سے کم رہی اور 179 ارکان یعنی 54 فیصد شریک ہوئے۔
فافن رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسمبلی کے وزرا میں سے ایک وفاقی وزیر تمام نشستوں میں شریک ہوا۔ 3 وزرا، جن میں 2 وفاقی وزرا اور ایک وزیر مملکت شامل ہیں، کسی بھی نشست میں شریک نہیں ہوئے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم نے 8 نشستوں میں سے صرف ایک میں شرکت کی، جبکہ قائد حزب اختلاف 8 میں سے 7 نشستوں میں شریک ہوئے۔ وفاقی وزرا میں سے 12 سوالات کے وقت موجود تھے، جبکہ توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب دینے والے 8 میں سے 4 ارکان موجود تھے۔












