ایران نے امریکی اقتصادی پابندیوں کے خلاف اقوام متحدہ سے رجوع کر لیا، خط میں امریکی اقدامات کو اقتصادی دہشت گردی قرار دیا گیا۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایران نے امریکی اقتصادی پابندیوں کے خلاف اقوام متحدہ سے رجوع کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل کو خط بھیج دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اس خط میں امریکی اقدامات کو اقتصادی دہشت گردی قرار دیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ امریکا مختلف ممالک سے ایران کے اقتصادی تعلقات ختم کرانا چاہتا ہے، جس سے ایرانی عوام کی بنیادی ضروریات تک رسائی متاثر ہو سکتی ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی پالیسی اب مذاق بن چکی ہے، امریکا بحرین جیسے ملک کا سہارا لے کر اپنے اتحاد کی ثابت قدمی ظاہر کرنا چاہتا ہے۔
ایران کے مطابق بحرین اور ایران کے درمیان کوئی قابل ذکر اقتصادی تعلق نہیں، اور واشنگٹن مزید پابندیاں لگا کر پہلے سے متاثرہ ملک کو مزید مشکلات میں ڈال رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے پہلے بھی امریکی پابندیوں کے خلاف عالمی فورمز پر آواز اٹھائی ہے، اور ان پابندیوں کو غیرقانونی اور غیرانسانی قرار دیا ہے۔















