نیپال میں تباہ کن سیلاب سے 180 افراد ہلاک اور 1500 لاپتا ہیں، جن میں 800 غیر ملکی شامل ہیں۔
کھٹمنڈو: (رائیٹ ناؤنیوز) نیپال میں اچانک آنے والے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں 180 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ تقریباً 1500 افراد لاپتا ہیں، جن میں 800 غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں۔
نیپالی حکام کے مطابق دریاؤں میں مٹی اور چٹانوں کے تودے گرنے سے سیلاب آیا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
نیپالی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ 5 ہزار سے زائد فوجی اور پولیس اہلکار امدادی کارروائیوں میں شامل ہیں۔
یہ سیلاب بھارت سے آنے والے زائرین کو بھی متاثر کر رہا ہے، جو کیلاش مانسرور کی زیارت کے لیے جا رہے تھے۔ اس مقام کو ہندوؤں اور بدھ مت کے پیروکاروں میں مقدس سمجھا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ نیپال میں اکثر زلزلے اور قدرتی آفات کا سامنا رہتا ہے، جس کی وجہ سے ملک کے کئی علاقے متاثر ہوتے ہیں۔















