اسٹیٹ بینک نے 10 روپے کے نوٹ کو ختم کرنے کی تجویز دی ہے، اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ جاری ہوگا۔ لاگت میں کمی اور جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے اقدام۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) اسٹیٹ بینک نے 10 روپے کے کرنسی نوٹ کو ختم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ جاری کیا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک حکام کے مطابق 10 روپے کے نوٹ کی تیاری پر زیادہ لاگت آتی ہے۔
منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں اسٹیٹ بینک حکام نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور لاگت سے متعلق معلومات فراہم کیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ نئے ڈیزائن کے لیے وزیر خزانہ کی زیر صدارت کمیٹی نے تجاویز دی ہیں۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک عنایت حسین نے بتایا کہ جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے۔ تاہم جعلی نوٹوں کو مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
کمیٹی چیئرمین نے انکشاف کیا کہ بینکوں سے کچھ جعلی نوٹ بھی نکل رہے ہیں جس کے باعث دکاندار ہزار اور پانچ ہزار کے نوٹ قبول کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ فروری میں بھی اسٹیٹ بینک نے 10 روپے سے 5 ہزار روپے کے نوٹوں کے نئے ڈیزائن اور سیکیورٹی فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔ نئے نوٹ مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔















